بجٹ میں فلیٹس اور 10 مرلہ کے گھر کی خریداری پر 30 فیصد ٹیکس کریڈٹ کی اسکیم متعارف کرادی گئی۔
نوید قمر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ پراپرٹی خریدوفروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس میں ردوبدل اور ایف ای ڈی ختم کر دی، پراپرٹی خریداری کرنے پر ودہولڈنگ ٹیکس سلیبز میں مختلف شرح کو کم کیا گیا ہے۔
راشد لنگڑیال نے کہا کہ 5 کروڑ کی پراپرٹی خریدنے پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم کرکے 1.5 فیصد کر دی گئی، 10 کروڑ کی پراپرٹی خریدنے پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم کرکے 2 فیصد کر دی گئی۔ 10 کروڑ سے زائد کی پراپرٹی خریدنے پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم کر کے 2.5 فیصد کر دی گئی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر کے مطابق پراپرٹی فروخت کرنے پر ودہولڈنگ ٹیکس سلیبزمیں مختلف شرح کوکم کیاگیا ہے، 5 کروڑ روپے کی پراپرٹی فروخت کرنے پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بڑھاکر 4.5 فیصد کی گئی ہے۔ 5 کروڑ روپے سے 10 کروڑ روپے کی پراپرٹی فروخت کرنے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 5 فیصد ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 10 کروڑ روپے سے زائد کی پراپرٹی فروخت کرنے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 5.5 فیصد ہوگی، آئی ایم ایف پراپرٹی کی خرید پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کے خلاف ہے۔ رجسٹرڈ کاروبار کو اشیاء کی فروخت پر2 لاکھ روپے سے زائد کیش لینے پر30 ہزارکی پینلٹی لگے گی۔






















