محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم شدید گرم رہنے کا الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک، دن میں شدید گرم رہے گا، پنجاب کےبیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ بعدازدوپہر میدانی علاقوں میں تیز،گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
لاہور شہر میں اج بھی سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکے گا شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا تاحال محکمہ موسمیات نے بارش کی کوئی نوید نہیں سنائی۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم شدید گرم اورخشک رہےگا، بلوچستان کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا تاہم چترال،دیر،سوات اور گردونواح میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی شدید گرمی پڑے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ گرمی دن 11 بجے سے دن 4 بجے کے درمیان پڑے گی، شدید گرمی سےدرجہ حرارت 45 تا 50 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق خواتین، بچے، بزرگ خاص احتیاط کریں گھر سے نکلنے سے اجتناب کریں، پانی کا استعمال زیادہ کریں اور ہلکے اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں۔
مون سون سیزن 2025 کے لیے موسمی آؤٹ لک
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے 30 مئی کو مون سون کے پہلے حصے میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں سیلاب کاخدشہ ظاہرکیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مون سون سیزن 2025 کے لیے موسمی آؤٹ لک جاری کردیا جس کے تحت ملک کے وسطی اور جنوبی حصوں میں معمول یا معمول سے کچھ زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے پہلے حصے میں شدید بارشوں کا امکان ہے جب کہ سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر،خیبرپختونخوا میں میدانی اور پہاڑی علاقوں میں سیلاب کاخدشہ ہے۔
قبل ازیں 21 مئی کو چیئرمین این ڈی ایم اے نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےموسمیاتی تبدیلی کو بتیا کہ اس بار مون سون کا آغاز معمول سے پہلے ہوگا،بارشیں بھی 5 فیصد زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
چئیرمین این ڈی ایم اے نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ اس سال مون سون سیزن تین چار دن قبل یعنی جون کے آخر میں شروع ہوسکتا ہے۔






















