وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا گیا۔
بجٹ کے مطابق سالانہ 6 لاکھ روپے تک تنخواہ والے ملازمین کے لیے زیرو ٹیکس کی پالیسی برقرار رہے گی۔
6 سے 12 لاکھ روپے سالانہ آمدن والے ملازمین کے لیے ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کر دی گئی ہے جبکہ اس سے پہلے اس سلیب پر زیادہ سے زیادہ 30 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا جاتا تھا جو اب کم ہو کر صرف 6 ہزار روپے سالانہ ہو گا۔
اسی طرح 12 سے 22 لاکھ روپے سالانہ تنخواہ پر ٹیکس کی شرح 15 فیصد سے کم کر کے 11 فیصد کر دی گئی ہے۔
اس سے پہلے اس سلیب میں ملازمین زیادہ سے زیادہ 3 لاکھ 30 ہزار روپے ٹیکس ادا کرتے تھے جو اب کم ہو کر 2 لاکھ 42 ہزار روپے ہو جائے گا۔
22 سے 32 لاکھ روپے سالانہ تنخواہ والوں کے لیے ٹیکس کی شرح 25 فیصد سے کم کر کے 23 فیصد کر دی گئی ہے۔ اس سے پہلے اس سلیب میں زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ 50 ہزار روپے سالانہ ٹیکس کٹتا تھا، جو اب کم ہو کر 5 لاکھ 6 ہزار روپے ہو گا۔




















