نئے مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے 3 تجاویز زیر غور ہیں۔ تنخواہیں 6، 10 یا 15 فیصد بڑھانے میں سے کسی ایک تجویز کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔
سرکاری ملازمین نے نئے بجٹ میں وفاقی حکومت سے مہنگائی کی مناسبت سے تنخواہوں میں اضافے کے لیے امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔ ملازمین نے حکومت سے تنخواہوں میں کم ازکم 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ مطالبہ پورا نہ ہو نے کی صورت میں ملازمین نے احتجاج کی کال بھی دے رکھی ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 6، 10 اور 15 فیصد اضافے کی تجاویز ہیں۔ وزارت خزانہ نے مالی مشکلات کے باعث ملازمین کو کم سے کم ریلیف دینے کی تجویز دی ہے۔ وفاقی کابینہ تین میں سے کسی ایک تجویز کی حتمی منظوری دے گی۔
تنخواہ دار طبقے کےلیے انکم ٹیکس سیلب میں بھی ردوبدل کرکے ٹیکس چھوٹ کی سالانہ حد 6 لاکھ روپے سے زائد کرنے کی تجویز ہے۔
خیال رہے کہ تنخواہ دار طبقہ ٹیکس دینے میں سب کو پیچھے چھوڑ گیا، تنخواہ دار طبقے نے رواں مالی سال کے 11 ماہ میں 499 ارب روپے ٹیکس دیا۔ تنخواہ دار طبقےکا ٹیکس کسی بھی شعبے سے وصول ٹیکس سے زیادہ ہے۔




















