وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے معرکہ حق کی تاریخ ساز فتح کے بعد ملک کو مستحکم عالمی معیشت بنانا ہے۔
ایف بی آر اصلاحات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لیے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات لینے کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے کہا پاکستان کو مستحکم عالمی معیشت بنانے کی جدوجہد میں کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔ حکومت کے تمام شعبوں میں ادارہ جاتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں۔ کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے لیے تمام ادارے محنت کررہے ہیں۔ مثبت معاشی اشاریے حکومتی پالیسیوں کی درست سمت ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت کے لیے اس جیسی اصلاحات کے حوصلہ افزا نتائج آرہے ہیں۔
اجلاس میں دوران بریفنگ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم سے محصولات میں مجموعی طور پر اضافہ ہوا۔ کسٹمز کلیئرنس کے دورانیے میں بھی خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ عام صارفین کے لیے آسان ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن کا نظام جلد نافذ کردیا جائے گا۔ سہولت کے لیے دیجیٹل ٹیکس ریٹرن کا نظام اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں بھی ہوگا۔





















