پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں پیش رفت کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے باہمی ٹیرف پر باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی تجارتی نمائندے سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں فریقین نے تعمیری ماحول میں اپنے اپنے نقطہ نظر کا تبادلہ کیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ ابتدائی رابطہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ایک کوشش ہے،جس میں ٹیرف اور تجارتی رکاوٹوں جیسے اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
رابطے کے دوران دونوں فریقین نے آئندہ چند ہفتوں میں تکنیکی سطح پر تفصیلی مذاکرات پر اتفاق کیا ہےتاکہ باہمی مسائل کا گہرائی سے جائزہ لے کر قابل عمل حل نکالا جا سکے۔
خیال رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان عالمی مالیاتی اداروں اور تجارتی شراکت داروں کے ساتھ اقتصادی استحکام کے لیے سرگرم مذاکرات میں مصروف ہے۔






















