دشمنوں کو دھول چٹانے والے پاک دھرتی کے محافظوں سے اظہار یکجہتی کیلئے استحکام پاکستان پارٹی کا معرکہ حق کنونشن آج خوشاب میں ہوگا۔ تیاریاں مکمل، اسٹیج سج گیا، بینرز آویزاں کردیئے گئے، دوست ممالک کے جھنڈے بھی لہرا دیئے گئے، صدر آئی پی پی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان مہمان خصوصی ہوں گے۔ مرکزی قائدین اور صوبائی رہنماء بھی خطاب کریں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
استحکام پاکستان پارٹی کا معرکہ حق کنونشن آج خوشبا میں ہوگا، نور پور تھل آدھی کوٹ میں پنڈال سج گیا، تیاریاں مکمل ہوگئیں، اسٹیج بھی تیار کرلیا گیا، کرسیاں لگا دی گئیں، بینرز آویزاں کردیئے گئے، دوست ممالک چین، ترکیہ اور آذربائیجان کے جھنڈے بھی لہرا دیئے گئے۔
صدر آئی پی پی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان مہمان خصوصی ہوں گے، پارٹی کے مرکزی قائدین اور صوبائی رہنماء بھی خطاب کریں گے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
رکن قومی اسمبلی گل اصغر خان بگھور کا کہنا ہے کہ معرکہ حق کنونشن انشاء اللہ تاریخ رقم کرے گا، یہ صرف خوشاب نہیں شمالی پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا کنونشن ہوگا، مودی کی ہندوتوا سوچ کیخلاف پوری قوم متحد ہے، پاکستانی فورسز نے ایک ڈیڑھ گھنٹے میں بھارتی چوہدراہٹ خاک میں ملادی۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے شاید ہمیں نیپال، بھوٹان سمجھ لیا تھا، جیسے اسرائیلی یہودی فلسطینیوں پر بم برسا رہے ہیں، یہ سمجھتے تھے کہ ہم خاموش رہیں لیکن ہمارے فیلڈ مارشل اور پاک افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔
معرکہ حق کنونشن میں استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز شرکت کریں گے جبکہ خوشاب سے حال ہی میں پارٹی میں شمولیت کرنے والی اہم سیاسی و سماجی شخصیات بھی معرکہ حق کنونشن میں شریک ہوں گی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل استحکام پاکستان پارٹی 23مئی کو لیہ میں بھی معرکہ حق کنونشن کا انعقاد کر چکی ہے۔ مزید برآں جون میں فیصل آباد، کامونکی اور دیگر اضلاع میں بھی ایسے ہی کنونشن ہوں گے جس کا مقصد افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنا،شہداء اور اُن کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور پارٹی کو متحرک کرنا ہے۔






















