وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے متعلقہ حکام کو ملک بھر میں موٹرویز اور ہائی ویز کی بروقت مرمت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ مرمتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ وفاقی وزیر نے موٹرویز اور ہائی ویز کی بروقت مرمت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
عبد العلیم خان نے کہا کہ موٹرویز اور ہائی ویز کی بروقت مرمت انتہائی اہم ہے، مرمتی کاموں میں تسلسل سے سفر آسان اور سڑکیں کار آمد رہتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے این ایچ اے کی نئی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نمایاں بہتری آئی ہے، ہمارا مقصد عوام کے لیے سفر کو خوشگوار بنانا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے واضح کیا کہ این ایچ اے افسران کے پاس کارکردگی بہتر بنانے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ عبد العلیم خان نے ترنول کوہاٹ روڈ کے گنجان آباد حصے کی تعمیر اور گوجرانوالہ بائی پاس کی بہتری کے فوری آغاز کی ہدایت دی۔
کامرہ کینٹ میں شاہراہ کی لائٹنگ اور باڑ لگانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شاہراہ میں خرابی پر فوری مرمت یقینی بنائی جائے۔ تمام مرمتی منصوبے مجاز فورم سے منظور کرانے اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کفایت شعاری، معیار اور طویل المدتی فائدہ ہر سکیم کا حصہ ہونا چاہیے۔






















