مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت کو دوبارہ ٹھیک کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یہ ملک شہدا کی قربانیوں کے نتیجے میں بنا تھا، راہ حق کے سپاہی ملک و قوم کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 دن میں ہمارے 14 جوان شہید ہوئے جبکہ میانوالی میں حملہ ہوا جو ناکام بنایا گیا، ان شہیدوں کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد میں پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا، اب ہم دوبارہ بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک بہت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے لیکن پاکستانی قوم نے مشکل حالات کا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں دوبارہ معیشت اور ملک کوٹھیک کریں گے۔