جمعیت علماء اسلام ( ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قطر میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے جس کے دوران غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
ترجمان جے یو آئی اے اسلم غوری نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ ہفتے کے روز قطر پہنچے تھے جہاں انہوں نے حماس کے رہنماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ہنیہ سے ملاقات کی ہے جبکہ ملاقات کے دوران سیکرٹری جنرل جے یو آئی سندھ مولانا راشد محمود سومرو اور مفتی ابرار احمد بھی موجود تھے۔
اسلم غوری نے بتایا کہ ملاقات کے دوران رہنماؤں کے درمیان مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کررہا ہے جبکہ فلسطینی صرف اپنی زمین نہیں امت کی طرف سے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اب وقت آگیا ہے امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کے ہاتھ معصوم بچوں اور خواتین کے خون سے رنگے ہیں۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی حماس رہنماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے ملاقات
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) November 5, 2023
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ گذشتہ روز قطر پہنچے ۔اسلم غوری
مسئلہ فلسطین پر رہنماؤں میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔اسلم غوری
اسرائیل فلسطین میں ظلم وستم کرکے قبلہ اول… pic.twitter.com/LATsqZvZSK
سربراہ جمعیت علماء اسلام نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق ملاقات کے دوران حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہو جائے، انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز تل ابیب بھیج رہے ہیں۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ امت مسلمہ بھی اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لئے میدان میں نکلے اور مسلمان ممالک بھی اپنی فلسطینی ماؤں بہنوں اور بھائیوں کی مدد کریں۔
اس موقع پر حماس رہنما خالد مشعل کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین میں مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔