بلوچستان میں نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں انسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم قومی فریضہ ہے، ٹیم پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔
بلوچستان سمیت ملک بھر میں انسداد پولیو ٹیم کا آغاز گزشتہ روز ہوا تھا، جس میں لاکھوں بچوں کو معذوری سے بچانے کیلئے قطرے پلائے جارہے ہیں۔
بلوچستان میں نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں نامعلوما فراد نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی، واقعے میں سیکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق انسداد پولیو ٹیم کے دیگر ارکان محفوظ رہے، شہید پولیس اہلکار کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔
بلوچستان حکومت نے انسداد پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کی ہے۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ شہید پولیس اہلکار وحید احمد کا تعلق جمال آباد نوشکی سے تھا، پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، ٹیم پر حملہ ناقابل برداشت ہے، جام شہادت نوش کرنیوالے اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔





















