یورپی ملک مالٹا نے اگلے ماہ الگ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔
مالٹا کے وزیراعظم رابرٹ ابیلا نے اپنےبیان میں کہا مالٹا فرانسیسی،سعودی کانفرنس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلےگا، انسانیت سوز المیے پرآنکھیں بند نہیں کرسکتے، فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا اخلاقی ذمہ داری ہے۔
خیال رہے کہ مالٹا گزشتہ سال اقوام متحدہ کی مکمل فلسطینی رکنیت کے حق میں ووٹ دے چکا ہے،تاہم ابھی تک اس نے باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کیا تھا۔
واضح رہے کہ اب تک اقوام متحدہ کے 193 میں سے 147 رکن ممالک فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔
گزشتہ برس آرمینیا، سلووینیا، آئرلینڈ، ناروے، اسپین، بہاماس، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو، جمیکا اور بارباڈوس بھی ان میں شامل ہوئے۔





















