مجھے کچھ نہیں ہوگا، زہر پینے کی اجازت دی جائے، شہری نے لاہور ہائیکورٹ میں انوکھی درخواست دائر کردی۔ عدالت عالیہ نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی۔
لاہور کے علاقے مزنگ کے رہائشی سرور تاج نے لاہور ہائیکورٹ میں انوکھی درخواست دائر کی کہ قرآنی آیات پڑھ کر موچی گیٹ پر زہر پینے کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہوں، مجھے کچھ نہیں ہوگا، لہٰذا عدالت مجھے یہ تجربہ کرنے کی اجازت دے۔
دوران سماعت جسٹس راحیل کامران نے استفسار کیا کہ آپ زہر کیوں پینا چاہتے ہیں؟۔ شہری نے عدالت کو بتایا کہ میرے پاس علم ہے میں زہر پیوں گا مجھے کچھ نہیں ہوگا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خودکشی حرام ہے اور عدالت حرام کام کی کیسے اجازت دے سکتی ہے، آپ سستی شہرت کیلئے کوئی اسٹنٹ کھیل رہے ہیں۔
شہری نے مؤقف اختیار کیا کہ مجھے کوئی شہرت نہیں چاہئے، میرا اللہ پر یقین ہے، مجھے کچھ نہیں ہوگا، عدالت اجازت دیدے۔ عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ بھارت میں کینسر کے مریضوں نے موت آسان کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، خود موت مانگنے والوں کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم کسی غیرقانونی کام کی اجازت نہیں دے سکتے آپ کا اگر زیادہ دل ہے تو کریں پھر قانون کے مطابق آپ کے خلاف جو کارروائی ہوگی وہ ہوجائے گی۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی۔