وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے بجٹ پر آئی ایم ایف کا کوئی دباؤ نہیں، سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دفاعی بجٹ میں بھی اضافہ کیا جائے گا، عوام پر بوجھ بھی نہیں ڈالیں گے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال سے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز ایسوسی ایشن کے وفد نے لاہور میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل آئی ای پی امیر ضمیر کر رہے تھے ۔ احسن اقبال نے بجٹ میں انجینئرز کے مطالبات شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف کا وفد حکومت کے اقدامات سے مطمئن گیا ہے۔ وزیراعظم کے بیرون ملک دورے اور عید کی وجہ سے بجٹ میں تاخیر ہوئی۔ بجٹ پر آئی ایم ایف کا کوئی دباؤ نہیں، عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دفاعی بجٹ میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم سمیت تمام آبی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیں گے۔ پی ٹی آئی اپنے بانی کی پالیسیوں کی وجہ سے تنہا رہ گئی ہے۔ حکومت کچھ ایسا نہیں کرے گی جس سے قومی اتحاداور یگانگت متاثر ہو۔ بھارت کے خلاف جنگ جیتنے پر قوم متحد اور جذبہ بلند ہوا۔






















