پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر فخر زمان کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیاہے ۔
آئی سی سی ورلڈکپ کے 35 ویں میچ میں فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 81گیندوں پر 11 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 126 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس نے پاکستان کی جیت میں سب سے اہم کردارا دا کیا۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 402 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستان کی بیٹنگ کے دوران بارش نے ڈیرے ڈال لیئے اور کھیل روکنا پڑ گیا ، بارش رکنے پر ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت میچ کو 41 اوورز تک محدود کر دیا گیا اور 342 رنز کا ہدف مقرر کیا گیا ، پاکستانی ٹیم بیٹنگ کیلئے دوبارہ میدان میں اتری اور 25.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے تھے کہ ایک مرتبہ پھر سے بارش شروع ہو گئی ۔ جس کے بعد میچ دوبارہ شروع نہیں ہو سکا اور پاکستان کو مقررہ حد سے 21 رنز زائد ہونے پر فاتح قرار دیا گیا ۔