نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر میں شک کی بنیاد پر ایک لاکھ شناختی کارڈز بلاک کردیے۔
نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ شک کی بنیاد پر نادرا نے بلوچستان میں 40 ہزار جبکہ ملک بھر میں ایک لاکھ شناختی کارڈ بلاک کردیے ہیں۔
جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک صوبے سے 50 ہزار غیر ملکی اپنے اپنے ملکوں کو واپس جا چکے، کمشنر کوئٹہ کے مطابق کوئٹہ ڈویژن سے دو روز کے دوران 10 ہزار تارکین وطن واپس لوٹ گئے۔ متعلقہ حکام کے مطابق کوئٹہ میں قائم ہولڈنگ سینٹر میں باقاعدہ نادرا ویری فکیشن کے بعد غیر ملکیوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔
دوسری جانب قلعہ عبداللہ میں قائم ایمرجنس ڈیٹا انٹری پوائنٹ میں تین روز کے دوران 600 زائد افراد کو انٹری کے بعد واپس افغانستان بھیجا جاچکا ہے۔ ڈیٹا انٹروی کے عمل کو تیز کرنے کیلیےنادرا کی ایک اور موبائل وین بلالی گئی۔
کراچی سے بھی غیر قانونی تارکین وطن کو بھیجے جانے کا سلسلہ جاری ہے ، آپریشنل ہیڈ ہولڈنگ پوائنٹ ظہورمری کےمطابق دو قافلوں میں اب تک 261 افراد کو روانہ کیا جاچکا ہے۔