بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف جھوٹے الزامات کا سلسلہ جاری ہے سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا پاکستانی ڈرونز کی مبینہ سرحدی یا لائن آف کنٹرول (LoC) کی خلاف ورزی کی جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹس کے مطابق پاکستانی ڈرونز نے نہ تو بین الاقوامی سرحد اور نہ ہی لائن آف کنٹرول پار کی ہے پاکستان جنگ بندی کے معاہدے کی مکمل پاسداری کر رہا ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے بھارتی میڈیا کی یہ رپورٹس جھوٹ کا پلندہ ہیں، جن کا کوئی ثبوت نہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی ڈرونز مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں بھارت کی یہ اشتعال انگیز کارروائیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں اور پاکستان کے تحمل کو جانچنے کی کوشش ہیں۔ پاکستانی افواج نے بھارتی ڈرونز کی ان خلاف ورزیوں پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان جنگ بندی کے معاہدے پر مکمل عمل درآمد کر رہا ہے اور خطے میں امن کا خواہاں ہے تاہم بھارت کی کسی بھی جارحیت یا اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے پاک فوج اور فضائیہ ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیارہیں۔
بھارتی میڈیا کی یہ جھوٹی رپورٹس اس وقت سامنے آئی ہیں جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان پر "دہشت گردی" کے بے بنیاد الزامات لگاتے ہوئے سرحد پار حملوں کی دھمکی دی تھی،بھارت ان جھوٹے دعوؤں کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے اور اپنی جارحانہ پالیسیوں کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔





















