ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم ہفتہ 4 نومبر کو نیوزی لینڈ کیخلاف انتہائی ام میچ کھیلے گی، اگر گرین شرٹس میچ جیتنے میں ناکام ہوگئے تو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائیں گے۔
پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے انتہائی اہم میچ میں کل (ہفتہ 4 نومبر کو) نیوزی لینڈ بنگلورو میں ٹکرائے گی، تاہم گرین شرٹس کیلئے موسم سے متعلق انتہائی پریشان کن خبر سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 4 نومبر کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کے دوران بنگلورو میں دوپہر ایک بجے سے شام 6 بجے تک بارش ہونے کا 68 فیصد امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر بارش کے باعث یہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تو پاکستان ٹیم کے پوائنٹس ٹیبل پر 7 جبکہ نیوزی لینڈ کے 9 پوائنٹس ہوجائیں گے، ایسی صورت میں گرین شرٹس کو انگلینڈ کیخلاف 11 نومبر کو اگلا میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا، ساتھ ہی سری لنکا کیلئے یہ دعا بھی کرنا ہوگی کہ آئی لینڈرز 9 نومبر کو نیوزی لینڈ کو شکست دیدیں۔
پاکستانی ٹیم نے اب تک میگا ایونٹ میں 7 میچز کھیل کر صرف تین میں کامیابی حاصل ہے جبکہ اسے 4 میں ہار کا سامنا کرنا پڑا، جس میں افغانستان کے ہاتھوں شکست بھی شامل ہے، گرین شرٹس کے 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چھٹی پوزیشن پر ہے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم کو انجریز مسائل کا بھی سامنا ہے، جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں آل راؤنڈر شاداب خان بھی انجری کا شکار ہوگئے، جن کی کل کے میچ میں شرکت مشکوک ہے۔
اس حوالے سے کوچ مکی آرتھر کہتے ہیں کہ شاداب کے آج ابتدائی ٹیسٹ کروائے ہیں جن کی رپورٹ ٹھیک آئی ہے، تاہم ہم ابھی اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ اس بارے میں بتاسکیں کہ وہ نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کھیلیں گے یا نہیں۔
دوسری جانب افغانستان کی ٹیم بھی ایونٹ میں 4 کامیابیوں کے ساتھ 8 پوائنٹس لے کر پانچویں پوزیشن پر ہے، اس کے ابھی دو میچز 7 نومبر کو آسٹریلیا اور 10 نومبر کو جنوبی افریقا سے ہے، ایک کامیابی کی صورت میں افغان ٹیم کے بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ہیں۔