امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تنازع سے ہمارا کوئی سروکار نہیں اور ہم دونوں ممالک کی جنگ میں مداخلت نہیں کرسکتے۔
امریکی ٹی وی کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ پاک بھارت، تنازع کو جلد حل ہونا چاہیئے اور امریکا کو اس تنازع پر تشویش ہے، بھارت نے حملہ کیا اور پاکستان نے جواب دیا۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کی جنگ میں مداخلت نہیں کرسکتے اور ہمارا پاک ، بھارت تنازع سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا سفارتکاری کا راستہ اختیار کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ نہیں ہونی چاہیئے کیونکہ ایٹمی قوتوں کا ٹکراؤ ہمیشہ تشویشناک ہوتا ہے، دونوں ممالک کو ٹھنڈے دماغ سے سوچنا چاہیئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کے مطابق روبیو نے دونوں رہنماؤں سے فوری جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا۔
روبیو نے وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور پاک، بھارت براہ راست بات چیت کے لیے تعاون کا یقین دلایا۔
اسی طرح بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے بات چیت میں بھی انہوں نے کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔






















