وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت کو عالمی اور مقامی چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے باعث آنے والے مہینوں میں مہنگائی بلند سطح پر رہنے کی پیش گوئی ہے، مہنگائی کی وجہ پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں بلند اضافہ قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سالانہ بنیاد پرمہنگائی 24.9 فیصد سے بڑھ کر 28.3 فیصد ہوگئی جبکہ ایک سال میں ڈالر81.14 روپے مہنگا، 222 سے بڑھ کر 303.06 کا ہوگیا۔ شرح سود سالانہ بنیاد پر 15 سے بڑھ کر 22 فیصد کی بلند سطح پرپہنچ گئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ترسیلات زر، برآمدات، درآمدات اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارےمیں کمی ریکارڈ کی گئی، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیاد پر 17.2 فیصد ، ٹیکس، نان ٹیکس ریونیو، ترقیاتی اخراجات اور مالی خسارے میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جون 2023 میں لارج اسکیل مینوفیکچر کی پیداوار میں 10.3 فیصد کمی آئی جبکہ نئی کمپنیزرجسٹریشن میں 22.9 فیصد اضافہ ہوا۔