بھارتی جارحیت کے باوجود ملک کے آبی ذخائر میں مسلسل اضافہ جاری ہے، ملک کے تمام دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ڈیمز اور دیگر آبی ذخیروں میں مستقل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آبی ذخائر میں سب سے پہلے نمبر پر تربیلا ہے، یہاں پانی کی موجودہ سطح ایک ہزار 450 فٹ اور پانی کا ذخیرہ ایک ملین ایکڑ فٹ سے زیادہ ہے، منگلا میں پانی کی سطح ایک ہزار 139 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 13 لاکھ ایکڑ فٹ ہے، چشمہ میں پانی کی موجودہ سطح 645 فٹ اور پانی کا ذخیرہ ایک لاکھ 38 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کی آمد ایک لاکھ 11 ہزار 500 اور اخرج 70 ہزار کیوسک ہے، دریائے کابل میں آمد و اخراج 40 ہزار 800 کیوسک، دریائے جہلم میں پانی کی آمد 47 ہزار 600 اور اخراج 32 ہزار کیوسک ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی آمد 35 ہزار 800 اور اخراج 20 ہزار 400 کیوسک ہے، بیراجز میں جناح بیراج میں آمد ایک لاکھ 24 ہزار 400 اور اخراج ایک لاکھ 17 ہزار 400 کیوسک ریکارڈ ہوا، چشمہ میں آمد 95 ہزار 300 اور اخراج ایک لاکھ 2 ہزار کیوسک ہے، تونسہ میں آمد 77 ہزار 300 اور اخراج 63 ہزار دو سو کیوسک ہے۔
گدو بیراج میں آمد و اخراج 41 ہزار 700 کیوسک ہے، سکھر بیراج میں آمد 35 ہزار 200 اور اخراج 9 ہزار 800 کیوسک ہے، ہیڈ تریموں میں آمد 26 ہزار اور اخراج 11 ہزار 200 کیوسک ریکارڈ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ کے محفوظ ذخیرے میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 24 گھنٹے میں 73 ہزار ایکڑ فٹ بڑھ کر 24 لاکھ 73 ہزار ایکڑ فٹ ہوگیا ہے۔



















