پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی ) بلانے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پاک، بھارت کشیدگی پر حکومت سے اے پی سی بلانے اور بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی رہنماؤں کو اے پی سی میں دعوت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے ملک کے عدالتی نظام پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام اورعدلیہ کے درمیان خلیج تیزی سے بڑھ رہی ہے، چیف جسٹس عدلیہ کے وقار اور توقیر بحال کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ تحریک انصاف عوام کی امنگوں کی ترجمانی قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر کرے گی۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کی شدید مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا کہ پاکستانی قوم ذمہ دار، بہادر اور نڈر ہے جبکہ تحریک انصاف دنیا کے ہر خطے میں دہشت گردی کے خلاف ہے، ہمارے ہزاروں شہری دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جانیں قربان کرچکے ہیں اور پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا بھارتی الزام سراسر جھوٹ ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ ختم کرنا چاہتا ہے، بھارت یکطرفہ طور پر اس معاہدے کومعطل کر سکتا ہے اور نہ ختم ، سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا درحقیقت اعلانِ جنگ ہے۔
اعلامیہ میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے سیاسی رہنماؤں سمیت ان کے اہلخانہ کی ملاقاتیں کرائی جائیں۔
اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کیخلاف منظم سوشل میڈیا مہم کی بھی مذمت کی گئی۔