کیا موٹرز (Kia Motors)نے پاکستان میں ہائبرڈ ایس یو وی کے شوقین صارفین کو خوشخبری سناتے ہوئے نے اپنی مشہور اسپورٹیج ایل (Sportage L) لائن اپ کی قیمتوں میں زبردست کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمپنی نے گاڑی کی قیمت میں 18 لاکھ روپے سے زائد تک کمی کرتے ہوئے خریداروں کو ریلیف دے دیا ہے۔ یہ گاڑی جدید اسٹائلنگ، ایڈوانس ٹیکنالوجی اور ہائبرڈ کارکردگی کو ایک جدید پیکیج میں سموئے ہوئے ہے۔ Sportage L فرنٹ وہیل ڈرائیو کی تین مختلف ویرینٹس میں دستیاب ہے، جس میں جدید ایل ای ڈی ڈی آر ایلز اور ری ڈیزائنڈ ٹیل لائٹس کے ساتھ جاذبِ نظر فرنٹ ڈیزائن شامل ہے۔
انٹیریئر میں اسمارٹ لائٹنگ اسے مزید دلکش بناتی ہے، جبکہ ایڈوانس سیفٹی اور ڈرائیور اسسٹ فیچرز جیسے ایڈاپٹیو کروز کنٹرول، لین اسسٹ، اور بلائنڈ اسپاٹ مانیٹرنگ ڈرائیونگ کو محفوظ اور آرام دہ بناتے ہیں۔ Kia Sportage L HEV بہترین اسٹائل، آرام دہ ڈرائیونگ اور ذہین خصوصیات کے امتزاج کی بدولت ہائبرڈ ایس یو وی سیگمنٹ میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔
کیا اسپورٹیج ایل 2025 قیمتیں:
کیا سپورٹیج ایل ایچ ای وی (Kia Sportage L HEV) کی قیمت میں 18 لاکھ 51 ہزار روپے کمی کا اعلان کیاہے جس کے بعد گاڑی کی قیمت کم ہو کر ایک کروڑ 9 لاکھ 99 ہزار روپے پر آ گئی ہے ۔
کیا سپورٹیج ایل ایف ڈبلیو ڈی ( Kia Sportage L FWD) کی قیمت میں 18 لاکھ 26 ہزار روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد گاڑی کی نئی قیمت کم ہو کر 99 لاکھ 99 ہزار روپے پر آ گئی ہے ۔
کیا سپورٹیج ایل ایلفا ( Kia Sportage L Alpha) کی قیمت میں 10 لاکھ روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 84 لاکھ 99 ہزار روپے ہو گئی ہے ۔
پاکستان میں کیا اسپورٹیج اور ہنڈائی ٹکسن (Hyundai Tucson) طویل عرصے سے ایک دوسرے کی مضبوط حریف رہی ہیں۔ دونوں گاڑیاں ملتی جلتی خصوصیات اور کارکردگی کے ساتھ معروف برانڈز کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ حال ہی میں ہنڈائی نے ٹکسن کا نیا ہائبرڈ ویرینٹ متعارف کروایا، جو نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہے۔
اس مارکیٹ پریشر کے جواب میں کیا نے اپنی قیمتیں کم کر کے مارکیٹ میں مسابقت برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم، کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ نئی قیمتیں محدود مدت اور موجودہ اسٹاک تک ہی دستیاب ہیں، یعنی جو پہلے آئے گا وہی فائدہ اٹھا سکے گا۔