پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان نے بھارتی ایئرلائنز کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں اور گزشتہ 9 روز کے دوران ایک ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ بھارتی ایئر لائنز کو 200 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پروازوں کو دو بار لینڈنگ اور ری فیولنگ، ائر پورٹ چارجز کی مد میں یومیہ کروڑوں کے اخراجات کا سامنا ہے۔ ایئر انڈیا، آکاسا ایئر، اسپائس جیٹ، اندیگو ایئر، ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں منسوخ ہوئیں ، پاکستان کی فضائی حدود بندش سے بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سے ہوکر بحیرہ عرب سے جانا پڑ رہا ہے، انڈیگو ایئر کا وسط ایشیائی ملکوں کے لیے تاحال فضائی آپریشن معطل ہے ۔
دہلی، ممبئی امرتسر بنگلور احمد آباد سے دبئی کی بھارتی پروازیں بھی شدید متاثر ہیں ، بھارتی مسافروں کو دہلی، ممبئی، امرتسر احمد سے امریکا برطانیہ یورپ کی پروازوں کا دورانیہ 4 سے 10 گھنٹے تک بڑھنے سے شدید پریشانی لاحق ہے ، بھارتی مسافروں کو پروازیں منسوخ ہونے پر ایئرلائنز سے ریفنڈز بھی نہیں مل سکے ہیں۔