نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور یورپی یونین کے نمائندہ خارجہ امور کاجاکالس کے درمیان رابطہ ہواہے جس دوران اسحاق ڈار نے یورپی یونین کے نمائندہ خارجہ امور کو حالیہ علاقائی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز پروپیگنڈے کو واضح طور پر مسترد کیا اور سندھ طاس معاہدے کو روکنے کے بھارتی فیصلے پر سخت اظہار تشویش کیا ۔
اسحاق ڈار کا کہناتھا کہ بھارتی اقدام معاہدے اور بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آزاد اور شفاف تحقیقات کیلئے پاکستان کی تجویز کا اعادہ کیا ۔
نمائندہ خارجہ امور یورپی یونین کاجاکالس نے خطے میں امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے بات چیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فریقین کوتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ رابطے کے دوران فریقین نے پاک یورپی یونین تعلقات پر بھی بات چیت کی۔