وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ میرے پاس بھارتی حملے سے متعلق مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات تھیں، بھارت نے حملے کی کوشش کی تو اس بار فنٹانسٹک ٹی نہیں ، فنٹاسٹک مار ماریں گے۔
سماء کے پروگرام ’ میرے سوال ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کا کہا تو بھارت کے غبارے سے ہوا نکل گئی، اس بار بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو غیر قانونی طور پر معطل کیا جبکہ پلوامہ واقعے کے بعد کشمیر کا اسٹیٹس بدلا تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت چکرا گیا ہے کہ وہ حملے کی بات کر رہے ہیں اور ہم مذاق اُڑا رہے ہیں، بیانیے کی جنگ میں میڈیا ، سوشل میڈیا اور میمز کی وجہ سے بھارت کا سر چکرا گیا ہے، حملے کا امکان اپنی جگہ موجود ہے، بھارت کا پاکستان پر حملہ کرنا مقصود تھا۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت حملہ کرے گا تو ایسا جواب دیں گے آئندہ جرات نہیں کرے گا، مودی سے کسی بھی چیز کی توقع کی جاسکتی ہے، بھارت جیسی سپورٹ چاہ رہا تھا اس طرح کی سپورٹ انہیں نہیں ملی، بھارت توقع کر رہا تھا بہت سے ممالک اس کی سپورٹ میں آئیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کا بطور مشیر قومی سلامتی اضافی چارج اہم اقدام ہے، انہیں عالمی تعلقات اور سیکیورٹی معاملات میں مہارت حاصل ہے، وہ بطور مشیر قومی سلامتی اچھا کردار ادا کریں گے۔