بھارت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹارز بیٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی پابندی عائد کردی۔
بھارت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی عائد کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب مایہ ناز بیٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان کے اکاؤنٹس کو بھی بلاک کردیا گیا ہے۔
بھارت کے اس اقدام سے اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم، سابق کپتان شاہد آفریدی، آل راؤنڈر شاداب خان، فاسٹ بولرز حارث رؤف اور نسیم شاہ سمیت کئی اسٹار کھلاڑی متاثر ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اقدام پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
بھارتی صارفین کو ان اکاؤنٹس تک رسائی کی کوشش پر پیغام موصول ہو رہا ہے کہ "یہ اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں، قانونی درخواست پر عمل کیا گیا ہے۔"
اس سے قبل بھارت نے سابق کرکٹرز شعیب اختر، راشد لطیف اور باسط علی کے یوٹیوب چینلز سمیت 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر بھی پابندی عائد کی تھی۔