رکن پنجاب اسمبلی اور جنرل سیکرٹری یوتھ پارلیمنٹیرین فورم سلمان شاہد کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی ہائر ایجوکیشن کمیٹی کے اجلاس میں "امپیریل ٹیوٹوریل کالج بل" اور "گلوبس یونیورسٹی کمالیہ بل" میں اہم ترامیم پیش کی گئی ہیں۔
امپیریل ٹیوٹوریل کالج بل میں تجویز دی گئی کہ ادارے میں شعبہ اسپورٹس کی باقاعدہ نمائندگی ہونی چاہیے اور تعلیمی و سماجی شعبوں کے ساتھ کھیلوں کو بھی ایک فعال ادارہ تسلیم کیا جائے، اسی طرح اسلامی تعلیمات کو فروغ دینے کے لیے ایک علیحدہ اسلامی شعبے کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
گلوبس یونیورسٹی بل میں ترامیم کے تحت یونیورسٹی میں اسپورٹس کی بنیاد پر داخلے دینے اور "فیکلٹی آف اسپورٹس" کے قیام کی شق شامل کرنے کی سفارش کی گئی۔
گورنر پنجاب کو اعزازی سربراہ تسلیم کرنے،انکی بطور سرپرست عدم موجودگی کی صورت میں انتظامی سطح پر متبادل کا تعین اور وائس چیئرمین کی اختیارات کی وضاحت پیش کی گئی۔
سلمان شاہد کا موقف
ترامیم پیش کرنے والے رکن اسمبلی سلمان شاہد کا کہنا تھا کہ ترامیم کا مقصد نئے تعلیمی اداروں کا قیام، تعلیمی پالیسیوں میں تبدیلی اور انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات لانا ہے اور یہ تبدیلیاں تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور طلبہ کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اسلامیات اور عربی سٹڈیز کے شعبوں کا قیام خطے کی ثقافتی ضروریات کے مطابق ہے جبکہ انتظامی اصلاحات سے اداروں کی کارکردگی بہتر ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان ترامیم میں واضح کیا گیا ہے کہ ملک کے اسلامی تشخص اور نوجوانوں کی جسمانی سرگرمیوں کے فروغ کو مدنظر رکھتے ہوئے ان نکات کو شامل کیا جانا ضروری ہے۔