ملک کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی سستی کرنے کیلئے نیپرا میں درخواست دائر کردی۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے فی یونٹ سے زائد سستی ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 3 پیسے فی یونٹ جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپے فی یونٹ تک سستی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
نیپرا کی جانب سے درخواست منظور ہونے کی صورت میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین کو مجموعی طور پر 51 ارب 49 کروڑ روپے کا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
درخواست مالی سال 2024-25ء کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی ہے، جس میں کیپسٹی چارجز کی مد میں 47 ارب 12 کروڑ 40 لاکھ روپے کمی کی درخواست بھی شامل ہے۔
نیپرا کل سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ مارچ میں 8 ارب 40 کروڑ 90 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جس کی اوسط لاگت 9.22 روپے فی یونٹ رہی جبکہ بجلی کی ریفرنس لاگت 9.25 روپے فی یونٹ مقرر تھی۔
اگر نیپرا نے درخواست منظور کرلی تو صارفین کو آئندہ مہینوں میں بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔