پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے بھارت پر جوابی پابندیوں نے بھارتی ایئر لائنز میں بھونچال پیدا کر دیا۔
گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد تقریباً شام 6 بجے پاکستانی فضائی حدود بھارتی طیاروں کے لیے حدود بند کر دی گئی تھی، جس کے ساتھ ہی بھارتی ائیر لائنز کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔
حدود کی اچانک بندش سے بھارتی ایئر لائنز میں ہنگامی صورتحال کے باعث پروازوں کے رخ موڑنا پڑے، طویل دوارنیہ کی بین الاقوامی پروازیں کئی ممالک کے ایئرپورٹس پر اتاری گئیں۔
شارجہ سے امرتسر کی پرواز 6 ای 1428 تربت سے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والی تھی، نوٹم جاری ہونے کے بعد انڈیگو ایئر پرواز کا رخ موڑ دیا گیا۔ طیارہ خلیج آف عمان کے اوپر سے گزر کر اضافی فیول کیلئے احمد اباد ایئرپورٹ پر اترا۔
ٹورنٹو سے ایئر انڈیا کی پرواز اے ائی 190 کو بھی ری فیولنگ کیلئے کوپن ہیگن اتار لیا گیا،پیرس سے ایر انڈیا کی نیو دہلی کی پرواز اے ائی 148 کو ری فیولنگ کے لیے ابوظہبی اتارا گیا۔ لندن سے ایئر انڈیا کی پرواز اے ائی 162 کو بھی ابوظہبی ایئرپورٹ لینڈ کرایا گیا۔
دہلی سے تبلیسی کیلئے روانہ ہوئی انڈیگو کی پرواز 6 ای 1807 احمد آباد اتاری گئی، الماتے اور تاشقند کیلئے انڈیگو ایئر کی 2 پروازیں 6 ای 1801 اور 1805 منسوخ کردی گئی۔ دہلی سے شارجہ کی انڈیگو کی پرواز چھ ای 9526 کو ری روٹ کیا گیا۔ دہلی بحرین کی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز ائی ایکس 145 کو ری روٹ کیا گیا۔