وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی حکومت کے فیصلوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے بھارت کی یکطرفہ کارروائیوں اور سفارتی اصولوں کی خلاف ورزی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور پاک فوج دشمن کے دانت کھٹے کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بھارت کو پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ وقت آنے پر 24 کروڑ پاکستانی سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے حکومت کے حالیہ فیصلوں کو پوری قوم کے دل کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر سے کراچی تک بھارتی جارحیت کے خلاف سخت جذبات پائے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ سازشوں کے ذریعے پاک-بھارت تعلقات کو خراب کیا اور مودی حکومت کی حالیہ کارروائیاں ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
صدر آئی پی پی نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ ایک بار پھر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اس کی انتہا پسند پالیسیاں دنیا کی توجہ ہٹانے میں ناکام رہیں گی، بھارتی حکومت کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کیونکہ ہر پاکستانی اسے سخت سبق سکھانے کے لیے تیار ہے۔
عبدالعلیم خان نے ملکی اور عالمی میڈیا کی حقائق کو اجاگر کرنے میں کردار کی تعریف کی اور کہا کہ بھارت کی سازشوں کو بے نقاب کرنے میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ استحکام پاکستان پارٹی حکومت کے فیصلوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور قوم کے ساتھ مل کر بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کا مقابلہ کرے گی۔