اےڈی بی نے پاکستان میں سماجی تحفظ پروگرام کیلئے 33کروڑ ڈالر اضافی امداد کا اعلان کردیا۔
اے ڈی بی کی سالانہ رپورٹ 2024 میں بتایا گیا ہے کہ 33 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں کی تعلیم کیلئے مشروط نقد منتقلی فراہم کی جائے گی ۔ آفت زدہ علاقوں میں خواتین ، نوجوان لڑکیوں اور بچوں کے لیے صحت کی خدمات بھی شامل ہیں۔ پروگرام کے ذریعے بہتر غذائیت تک رسائی میں اضافہ کیا جائے گا ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وسطی اور مغربی ایشیا کو اب بھی ترقیاتی تفریق اور سماجی بہبود کےچیلنجز کا سامنا ہے۔ افغانستان، کرغزستان اور پاکستان کو بلند غربت اور خدمات تک محدود رسائی جیسے مسائل درپیش ہیں۔ رپورٹ کےمطابق اے ڈی بی نے 2024 میں رکن ممالک کو 40 ارب ڈالر کے قرضے دیئے۔
پاکستان کو دو ارب 99 کروڑ ڈالر سے زائد کی فنانسنگ کی گئی ۔ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کےلیے پچاس کروڑ ڈالر فراہم کئے گئے ۔ سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ منصوبے کے لیے چ40 کروڑ ڈالر دیئے ۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے چالیس کروڑ ڈالر ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام کے لیے پچیس کروڑ ڈالر فراہم کئے گئے۔
خیبرپختونخوا میں شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے لیے بتیس کروڑ ڈالر ، سماجی تحفظ کے منصوبوں کیلئے تینتیس کروڑ ڈالر دیئے گئے ۔