آڈٹ حکام نے بتایا ہے کہ مالی سال 23-2022ء کے دوران ای او بی آئی نے 2 ارب 79 کروڑ روپے کی ادائیگیاں جعلی پنشنرز کو کیں جبکہ سیکریٹری اوورسیز نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بریفنگ دی کہ یکم مئی سے ای او بی آئی کی پنشن بڑھائی جائے گی۔
جنید اکبر کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزارت اوورسیز پاکستانی کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ ای او بی آئی نے جعلی پنشنرز کو 2 ارب 79 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کیں۔
ای او بی آئی حکام نے بتایا کہ ادارے کے فنڈز کی مالیت 600 ارب روپے ہے، ملک میں ایک کروڑ کاروبار ہیں، 10 ملازمین والے ادارے کو پنشن فنڈ میں شامل کیا جاتا ہے۔
آڈٹ حکام نے الزم لگایا ہے کہ ملازمین کی عمر میں تبدیلی کر کے 5 ہزار افراد کو پنشن دی ہے۔ ای او بی آئی حکام نے کہا شناختی کارڈ کی تاریخ پیدائش کے علاوہ ہم دیگر ذرائع سے بھی عمر چیک کرتے ہیں۔
چیئرمین کمیٹی جنید اکبر نے کہا یہ بتائیں کیا میٹرک کی سند اور شناختی کارڈ پر عمر الگ الگ ہوسکتی ہے؟۔ سیکریٹری اوورسیز نے کہا اب شناختی کارڈ پر ہی پنشن کیس کو دیکھا جائے گا، ای او بی آئی کی پنشن یکم مئی سے بڑھائی جائے گی۔