وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت پوسٹل لائف انشورنس کا اہم اجلاس ہوا جس دوران عبدالعلیم خان نے ادارے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کااظہار کیا اور نیا بزنس پلان طلب کرلیا ۔
اجلاس میں پوسٹل لائف انشورنس کے مالیاتی مسائل کے حل کیلئے فنانس ڈیپارٹمنٹ سے رابطے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ آمدنی کم اور اخراجات زیادہ ہیں یہ ناقابل قبول ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری اداروں کو کرپشن اور نااہلی کی دیمک سے پاک کرنا ہوگا، پوسٹل لائف انشورنس واجب الادا کلیمز کا جلد سے جلد بندوبست کرے، نئے تقاضوں کے مطابق کمپنی کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی ناگزیر ہے، کام نہ کرنے والے ملازمین ادارے اور قومی خزانے پر بوجھ ہیں، پوسٹل لائف انشورنس کمپنی اپنی کوتاہیاں دور کر کے نیا روڈ میپ دے۔
عبدالعلیم خان کا کہناتھا کہ اصلاحات لائیں گے،سرکاری پیسے کو ضائع نہیں ہونے دیں گے، پوسٹل لائف انشورنس اپنا مقابلہ نجی اداروں سے کرے، حکومت سے پیسے مانگنے کےبجائے اپنےریونیو میں اضافہ ہونا چاہیے، سرکاری افسران اپنا مزاج بدلیں اور وسائل میں اضافہ کریں۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اورڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے بریفنگ دی ۔