سپریم کورٹ نے 9 مئی مقدمات میں عمر سرفراز چیمہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کو بانی پی ٹی آئی کے کیس کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے آئندہ ہفتے سماعت کا فیصلہ کرلیا۔
سپریم کورٹ میں عمر سرفراز چیمہ کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ کیس کو بانی پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کیس کے ساتھ سنا جائے گا تاکہ فیصلوں میں یکسانیت ہو۔چیف جسٹس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور عمر سرفراز چیمہ دونوں کے کیسز جسمانی ریمانڈ سے متعلق ہیں۔
وکیل عمر چیمہ نے مؤقف اختیار کیا کہ اُن کے مؤکل کو پہلے گرفتار کیا گیا، ایف آئی آر بعد میں درج ہوئی۔عدالت کو بتایا گیا کہ ایف آئی آر ہائی کورٹ سے رجوع کے بعد درج کی گئی۔پنجاب حکومت کے وکیل نے مؤقف دیا کہ عمر سرفراز چیمہ سے پستول برآمد کرنا ہے جبکہ عدالت نے ایک دن کا بھی جسمانی ریمانڈ نہیں دیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت چوبیس اپریل تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔