سعودی حکومت نے مسافروں کیلئے نئی سفری ہدایت جاری کردیں اور اس سلسلے میں سعودی ایوی ایشن نے ایئر لائنز کیلئے نیا حکم نامہ بھی جاری کردیا۔
رپورٹ کے مطابق عمرہ ویزہ رکھنے والے مسافروں کیلئے سعودی عرب کی حکومت نے نئے قواعد و شرائط عائد کردں، اب ہر سال 15 شوال کے بعد عمرہ ویزہ رکھنے والے مسافروں کو سعودی سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سعودی حکومت کی جانب سے مسافروں کیلئے نئی سفری ہدایت کے مطابق ایئر لائنز کو نئی ہدایت پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں سعودی ایوی ایشن کی جانب سے ایئرلائنز کیلئے جاری ہدایت نامے میں سعودی ایوی ایشن نے کہا کہ شوال کی 15 تاریخ کے بعد ایسے مسافروں کو ایئر لائنز بورڈنگ نہ دیں۔
سعودی ایوی ایشن نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے پر مسافروں اور ایئر لائنز کے خلاف سعودی ایوی ایشن قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ مملکت میں عمرہ ویزے پر موجود غیرملکی 29 اپریل تک اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں بصورت دیگر اسے خلاف ورزی شمار کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق 23 اپریل کے بعد سے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں مقیم غیرملکیوں کو مکہ جانے کے لیے پرمٹ درکار ہوگا۔ پرمٹ کے بغیر انہیں شمیسی یا دیگر چیک پوسٹ سے لوٹا دیا جائے گا، جن کے اقامے مکہ شہر سے جاری ہوئے ہیں انہیں پرمٹ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔