کراچی میں مرغی مافیا نے سستی مرغی کا گوشت بھی شہریوں کی پہنچ سے دور کر دیا۔
کمشنر کراچی نے مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 650 روپے فی کلو مقرر کی تھی لیکن منافع خوروں نے اسے نظر انداز کرتے ہوئے گوشت 850 روپے فی کلو کے بلند نرخ پر فروخت جاری رکھا ہے۔
رمضان اور عید گزر جانے کے باوجود قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی جس سے شہریوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 420 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی مگر مارکیٹ میں یہ 500 سے 550 روپے فی کلو کے نرخ پر فروخت ہو رہی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ پیداوار میں کمی اور کھپت میں اضافے کی وجہ سے قیمتیں بڑھ گئی ہیں جبکہ شہری انتظامیہ اس صورتحال کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت اب عام آدمی کی دسترس سے باہر ہو چکا ہے اور مافیا کے سامنے انتظامیہ کی بے بسی واضح ہو گئی ہے۔