عالمی سطح پر امریکہ اور چین کے درمیان جاری ٹیرف کی جنگ نے سرمایہ کاروں کو غیر یقینی صورتحال کا شکار کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں آج سونے کی فی تولہ قیمت 7800 روپے کے نمایاں اضافے کے بعد 3 لاکھ 28 ہزار 800 روپے ہو گئی ہے جبکہ 10 گرام سونا 6688 روپے اضافے سے 2 لاکھ 81 ہزار 893 روپے کا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کا بھاؤ 78 ڈالر کے اضافے سے 3118 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا ہے، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی کے باعث سرمایہ کار ڈالر اور اسٹاک مارکیٹس کے بجائے سونے کو زیادہ محفوظ سمجھ رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس کی قیمتیں تیزی سے اوپر جا رہی ہیں۔
موجودہ صورتحال میں سونا ایک بار پھر عالمی سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بنتا جا رہا ہے اگر تجارتی کشیدگیاں اسی طرح برقرار رہیں تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ممکن ہے جو نہ صرف عالمی معیشت بلکہ مقامی مارکیٹ پر بھی گہرے اثرات مرتب کرے گا۔