سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نافذ کیے گئے نئے تجارتی محصولات (ٹیرف) کے آفٹر شاکس امریکی معیشت پر تاحال اثرانداز ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں اور کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹیسلا، ایپل اور مائیکروسافٹ جیسے بڑے اداروں کے شیئرز ایک سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کے شیئرز 7 فیصد کمی کے بعد 223 ڈالر پر آ گئے، جو رواں سال کی سب سے بڑی گراوٹ میں شمار کی جا رہی ہے۔
اسی طرح ایپل کے حصص کی قیمت میں 4.8 فیصد کمی ہوئی، جب کہ مائیکروسافٹ کے شیئرز میں 4.9 فیصد گراوٹ دیکھی گئی، جس سے عالمی سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
کرپٹو کرنسی مارکیٹ بھی اس مالیاتی زلزلے سے محفوظ نہ رہ سکی، اور اس شعبے میں 5.5 فیصد مجموعی کمی ریکارڈ کی گئی۔ بٹ کوائن کی قیمت میں بھی 10 فیصد کی بڑی گراوٹ دیکھی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 78 ہزار ڈالر کی نفسیاتی حد سے نیچے آ گئی۔