سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹکوارہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کر کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سمیت 9 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ٹکوارہ 6 اور 7 اپریل کی درمیانی شب آپریشن کیا جس دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد 9 خوارج ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، ہلاک دہشت گردوں میں خارجی گروہ کا سرغنہ شیرین بھی شامل ہے، خارجی سرغنہ شیرین قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خارجی گروہ کا سرغنہ شیرین کئی بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا، کیپٹن حسنین اختر کی شہادت کا ذمہ دار بھی دہشت گرد شیرین تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستانی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کارروائی میں دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔
صدر مملکت کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کےخاتمے کے لیےکامیاب کاروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔قومی سلامتی کےاداروں اور پاک فوج کے بہادروں کو داد شجاعت دی ۔
صدر آئی پی پی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا وطن کے محافظوں نے ڈی آئی خان میں خوارج سرغنہ سمیت 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ۔ قومی اداروں نے بھرپور وار سے دشمنوں کے دانت کھٹے کر دیئے ۔ دفاع وطن کیلئے چاک و چوبند مسلح افواج کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انشاء اللہ جلد ہی وطن عزیز سے فتنۃ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ ہو جائے گا ۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا مستحکم معیشت کے لئے ناگزیر ہے ۔ استحکام پاکستان پارٹی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔