محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں آج بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر شہروں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم ملک کے متعدد بالائی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق مری، گلیات اور گردونواح میں بعد از دوپہر بارش ہو سکتی ہے، چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام،مانسہرہ، ایبٹ آباد میں چند مقامات پربارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کاامکان ظاہر کیا ہے،آزادکشمیر میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم خشک،دن کےاوقات میں گرم رہنےکا امکان ہے تاہم بعد از دوپہر مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
سندھ ، جنوبی اوروسطی پنجاب میں درجہ حرارت معمول سے3 سے5 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک،جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اورسندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ بعد ازدوپہر بلوچستان کے ساحلی اضلاع میں تیزاور گردآلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دن بھر درجہ حرارت 35 ڈگری رہنے کا امکان ہے، 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کیا جاسکتا ہے، موسم دن بھر گرم اور خشک رہے گا، تین روز تک موسم کی یہی صورت حال رہ سکتی ہے۔
لاہور میں گزشتہ روز کی شدید دھوپ کے بعد آج بادل چھانے کا امکان ہے، لاہور کا درجہ حرارت 37 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جائے گا، آنے والوں دنوں میں موسم مزید گرم ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے لاہور میں رواں ہفتے بارش کی پیش گوئی بھی کردی ہے ۔ لاہور میں11 اپریل کو بارش کے 40فیصد امکان ہے۔