وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے ایک دوسرے کو چور کہنا شروع کردیا، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ بجلی سستی ہوگی، مہنگائی میں بھی کمی آگئی، شرح سود کم ہوگئے، بجٹ سے پہلے مزید خوشخبریاں آئیں گی۔
سیالکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سال میں ناممکن کو ممکن کر دکھایا، بجٹ سے پہلے مزید خوشخبریاں آئیں گی، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا ملک میں بجلی سستی ہوگی، مریم نواز دن رات پنجاب کو چار چاند لگا رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے ایک دوسرے کو چور کہنا شروع کردیا، کے پی میں دہشت گردی کی لہر ہے، پی ٹی آئی کی حکومت تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ختم کی گئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جب اقتدار حاصل کیا تو ہر طرف تباہی ہی تباہی تھی، کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ بجلی سستی ہوگی، کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ مہنگائی ڈیڑھ فیصد پر آجائے گی، حکومتی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی میں کمی آئی، کہا جاتا تھا کہ ملک دیوالیہ ہوجائے گا۔
وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ایک وقت تھا وزیراعظم ہوکر بانی 3 سیکیورٹی اجلاسوں میں نہ آیا، آج قیدی 804 ہے تو کہتا ہے مجھے سیکیورٹی اجلاس میں لے کر جاؤ، بانی پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن عروج پر تھی، پی ٹی آئی والوں کا لیڈر بین الاقوامی چور ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان دہشتگردی کی زد میں ہیں، فوج کے جوان قربانیاں دے رہے ہیں، ٹرینوں پر حملے ہورہے ہیں، روزانہ ہمارے جوان شہید ہورہے ہیں، سیاچن کی برف میں کھڑے ہونے والے ہمارے محسن ہیں، ریگ زاروں، کے پی کے پہاڑوں پر ہمارے جوان کھڑے ہوتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو مشکل حالات سے نکالا، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، آئی ایم ایف بھی تسلیم کرتا ہے پاکستان نے معاشی سفر میں معجزے دکھائے، معیشت نے سانس لینا شروع کیا، اسٹاک مارکیٹ اور ایکسپورٹ بڑھی ہیں، پچھلے 6 سے 7 مہینے میں ریکارڈ ترسیلات زر آئی ہیں، شرح سود مزید کم ہوگی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ یہ امریکا کو کہتے تھے غلامی نامنظور، اب کہتے ہیں امریکا بیان دو، ہم کسی کا بُرا نہیں چاہتے، صرف عوام کا بھلا چاہتے ہیں۔