شمالی وزیرستان میں خوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی، فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 8 خوارج کو ہلاک اور 4 کو زخمی کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان میں خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی، سیکیورٹی فورسز کی حسن خیل میں کارروائی کے دوران 8 خوارج ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خوارج نے 5 اور 6 اپریل کی درمیانی رات دراندازی کی کوشش کی، فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبدلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عبوری افغان حکومت سے سرحد کے اطراف میں مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے، توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ خوارج کی جانب سے پاکستان کیخلاف دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین کا استعمال روکا جائے گا، علاقے میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔