صدر مملکت آصف علی زرداری کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں جس کی تصدیق ان کے ذاتی معالج ڈاکٹرعاصم حسین کی جانب سے کی گئی ہے۔
ڈاکٹر عاصم حسین نے صدر مملکت آصف زداری کی طبعیت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کورونا میں مبتلا ہیں اور انہیں اس وقت آئیسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہرین کی ایک ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی ہے اور صدر مملکت کی حالت بہتر ہے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت کو پیر کی رات اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور وہ کراچی میں کلفٹن کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر سندھ شرجیل میمن نے صدرمملکت کے علاج کیلئے دبئی منتقلی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کی صحت بہتر ہو رہی ہے اور انکی علاج کیلئے دبئی منتقلی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ آصف زرداری بہت جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا رابطہ
ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ڈاکٹرعاصم حسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور صدرِ پاکستان آصف زرداری کی خیریت دریافت کی۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق ڈاکٹرعاصم نے صدر پاکستان کی طبیعت اورعلاج معالجہ کے حوالے سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر عاصم نے خالد مقبول کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں سیاسی رابطوں پر زور دیا۔