وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے الک الگ ملاقاتیں کیں ہیں، جس میں ملک میں سیکیورٹی کے لیے اقدامات کی پیشرفت اور افغان باشندوں کی وطن واپسی اور بلوچستان کی موجودہ اقتصادی، سماجی اور امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کو وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک میں سیکیورٹی کے لیے اقدامات کی پیشرفت اور افغان باشندوں کی وطن واپسی کے عمل کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہبازشریف کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ ملاقات میں متعلقہ وزارت کے امور پر گفتگو بھی کی گئی۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک میں سیکیورٹی اقدامات پر پیشرفت اور افغان باشندوں کی وطن واپسی کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بالخصوص عید الفطر کے موقع پرملک میں امن و امان کی صورتحال پر اظہاراطمینان کیا۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی، غیر ملکی اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ غیر قانونی مقیم اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈلائن ختم ہو چکی ہے، یکم اپریل تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 886,242 تک پہنچ چکی ہے اور واپسی کا یہ سلسلہ جاری اور ساری ہے۔
حکومت پاکستان کے فیصلے کے مطابق ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائین ختم ہو گئ ہے، اب چونکہ مقررہ تاریخ گزر گئی ہے اس لیے متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ملاقات ہوئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کی موجودہ اقتصادی، سماجی اور امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو صوبے کی ترقی کے حوالے سے موجودہ منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔