امریکی جریدے فوربز نے 2025 کے لیے دنیا کے امیرترین افراد کی فہرست جاری کر دی ہے اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین فرد قرار پائے ہیں۔
ٹیسلا کے شیئرز گرنے کے باوجود ایلون مسک کی دولت میں 2024 کے دوران 75 فیصد اضافہ ہوا اور اس طرح وہ ایک بار پھر فوربز کی فہرست میں دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔
فہرست میں ایلون مسک نے 342 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص بننے کا اعزاز حاصل کیا اور یہ پہلی بار ہے جب کوئی فرد اتنی زیادہ دولت کے ساتھ دنیا کا امیر ترین شخص قرار پایا۔
فوربز کی 39 ویں سالانہ فہرست کے مطابق دنیا بھر میں اس وقت 3028 ارب پتی موجود ہیں جو تاریخ میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ایک سال کے دوران 247 افراد ارب پتی بنے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا کے ارب پتی کی دولت میں ایک سال کے دوران 2 ہزار ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا اور وہ مجموعی طور پر 16 ہزار ارب ڈالرز سے زیادہ کے مالک ہیں۔
بھارت کے مکیش امبانی 92.5 ارب ڈالرز کے ساتھ ایشیا کے امیر ترین شخص قرار پائے جبکہ مجموعی طور پر وہ دنیا کے 18 ویں امیر ترین شخص ہیں۔
ماضی میں برسوں تک دنیا کے امیر ترین شخص رہنے والے مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اب کافی نیچے آگئے ہیں اور 108 ارب کے ساتھ 13 ویں نمبر پر رہے۔