بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں پر حالیہ حملوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔