ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان پر پابندیوں سے متعلق بل فرد واحد کا بیانیہ ہے امریکی حکومت کا نہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان پرپابندیوں سےمتعلق پیش بل سے آگاہ ہیں۔ یہ بل ایک فرد نے پیش کیا ہے یہ امریکی حکومت کا بیانیہ نہیں۔
شفقت علی خان کا کہنا ہے تھا کہ بل پاس ہونے کے لیے امریکی کانگریس کی کئی کمیٹیز سے ہو کر جائے گا، ہمارے امریکا کے ساتھ تعلقات باہمی احترام کے اصول پر مبنی ہیں، ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بلوچستان کے صورتحال پر اقوام متحدہ کی جانب سے تبصرے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں احتجاجی مظاہرین پرامن نہیں۔ احتجاجی مظاہرین دہشت گردوں کے ساتھی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا احتجاجی مظاہرین نے کوئٹہ اسپتال پر حملہ کرکے دہشتگردوں کی لاشیں قبضے میں لیں۔ ریاست میں امن وامان کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے ان مظاہرین پر تبصرہ افسوسناک ہے۔ اقوام متحدہ کا ایسا بیان انتہاپسندوں کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ ہم اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔
ترجمان دفترخارجہ نے پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل سے متعلق سوال پر کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ کوئی پاکستانی پاسپورٹ پر وہاں کا سفر کرے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان روس اور یوکرین کےدرمیان محدود جنگ بندی معاہدےکوخوش آمدید کہتا ہے، شام میں پائیدار امن وہاں سیکیورٹی فورسز کو غیرمسلح کرنے سے نہیں آئے گا، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں کی رہائشگاہوں پرچھاپے ماررہا ہے یہ قابلِ مذمت ہے، پاکستان میں دہشتگردی کے حوالے سے بھارت کیخلاف عالمی پلیٹ فارمز پر کوششیں کررہے ہیں۔
پاکستان کےنمائندہ خصوصی محمد صادق نے نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ کی خصوصی ہدایات پرافغانستان کا دورہ کیا ، دونوں ممالک نے سیکیورٹی ، تجارت اورعوامی رابطہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا، ایمبیسڈر محمد صادق نےان پالیسیزپرزور دیا جو دونوں ملکوں کے فائدے میں ہیں۔