ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا ہے کہ پنجاب میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ لوگوں کی اسکیننگ اور غیرملکی افراد کی میپنگ کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ تارکین وطن کی واپسی کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی ٹیمیں مصروف عمل ہیں جبکہ ٹیموں کو رینجرز اور پولیس کی سیکیورٹی بھی میسرہے۔
ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا کہ غیر ملکی افراد کے پاس موجود دستاویزات کی جانچ پڑتال جاری ہے اور ان کیلئے مختلف اضلاع میں کیمپس قائم ہیں جن میں رہائش، کھانے پینے، طبی امداد اور سکیورٹی کے انتظامات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کیمپوں میں مرد اور عورتوں کیلئے علیحدہ علیحدہ رہائش گاہیں بھی بنائی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بارڈرکراسنگ پوائنٹس تک انخلاء کے دیگر ضروری اقدامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیرقانونی تارکین کو پناہ دینے والے پاکستانیوں کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
یاد رہے کہ نگران حکومت کی جانب سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملک چھوڑنے کے لئے 31 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی جو کہ منگل کے روز مکمل ہو رہی ہے۔