مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (ایم ایس ایم) کے زیر اہتمام شہر اعتکاف میں طلبہ کی فکری اور قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام حرامین شریفین کے بعد دنیاکا دوسرا بڑاشہر اعتکاف میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (ایم ایس ایم) نے معتکف طلبہ کیلئے ورکشاپ کا انعقاد کیا، اس ورکشاپ میں معتکف طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں انہیں قیادت، جدوجہد اور مقصدیت کے موضوعات پر رہنمائی دی گئی۔
تربیتی ورکشاپ کے دوران نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر کبھی اپنی منزل سے راستہ تبدیل نہیں کرتا چاہے وہ اکیلا ہی کیوں نہ رہ جائے لیڈر کے بغیر نہ یہ ملک چل سکتا ہے اور نہ ہی امت مسلمہ ترقی کر سکتی ہے۔ وقت کے تقاضے کے تحت لیڈر خاموش ہوسکتا ہے،مگر اپنی منزل کو کبھی ترک نہیں کرتا۔
اس موقع پرمصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (ایم ایس ایم)پاکستان کے مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز، میاں عنصر محمود، اسامہ مشتاق سمیت مرکزی و زونل ذمہ داران بھی موجود تھے، جنہوں نے طلبہ کو عملی جدوجہد، تنظیمی نظم و ضبط، اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ پر روشنی ڈالی۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (ایم ایس ایم) پاکستان کے مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز کا کہنا تھا کہ آج کے نوجوانوں کو علم، کردار اور مثبت رویے کو اپنی شخصیت کا لازمی حصہ بنانا ہوگامشکلات آئیں گی، راستے میں رکاوٹیں کھڑی ہوں گی، مگر جو لوگ مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی منزل کی طرف بڑھتے ہیں، وہی کامیابی حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قوم کا مستقبل اس کے نوجوانوں کی فکری تربیت اور کردار پر منحصر ہوتا ہے۔اگر نوجوانوں کو صحیح سمت دی جائے، تو وہ دنیا میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں قیادت کے اصولوں کو سمجھنا اور ان پر عمل کرنا ہر اس شخص کے لیے ضروری ہے جو معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا خواہاں ہو۔
شہر اعتکاف میں منعقد کی گئی تربیتی ورکشاپ کا مقصد طلبہ کو فکری اور عملی طور پر ایک متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا تھا تاکہ وہ مستقبل میں قوم و ملت کے لیے موثر خدمات انجام دے سکیں۔